راولپنڈی میں غیرت کے نام پر ایک اور دل دہلا دینے والا قتل، سدرہ نامی خاتون جاں بحق

راولپنڈی میں غیرت کے نام پر ایک اور دل دہلا دینے والا قتل، سدرہ نامی خاتون جاں بحق

راولپنڈی کے علاقے شکریال میں غیرت کے نام پر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سدرہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ صادق آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری فوری موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور تمام حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔ابتدائی طور پر واقعے کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل تفتیش کے بعد ہی اصل محرکات کا تعین ممکن ہو سکے گا۔یہ واقعہ پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے تسلسل کا ایک اور افسوسناک باب ہے۔ ملک میں ہر سال درجنوں خواتین ایسے ہی واقعات کا نشانہ بنتی ہیں، جنہیں معاشرتی اقدار کے نام پر بے دردی سے قتل کر دیا جاتا ہے۔

سماجی تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنان نے واقعے پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو فوری اور عبرتناک سزائیں دی جائیں تاکہ معاشرے میں ان جرائم کی روک تھام ہو سکے۔