تحفظ منزل فوسٹر ہوم امید کی کرن بن چکا : آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست پولیس ویڑن کے تحت پنجاب پولیس کے فلیگ شپ پراجیکٹ تحفظ منزل اینڈ فوسٹر ہوم نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گھریلو تشدد اور باہمی رنجش کے باعث نواب شاہ، سندھ سے صوبہ پنجاب بھاگ کر آنے والی سندھی فیملی کو پنجاب پولیس نے بروقت تحفظ فراہم کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے ملا دیا۔ نواب شاہ سے تعلق رکھنے والا خاندان گھریلو ناچاقی اور تشدد کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو کر لاہور پہنچا جہاں پولیس تحفظ مرکز داتا دربار نے کم عمر بچیوں کو ریسکیو کر کے دربدر ہونے سے بچایا۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ سندھ سے آنے والی خواتین کو پنجاب پولیس کے تحفظ منزل فوسٹر ہوم میں محفوظ پناہ فراہم کی گئی۔ تحفظ منزل فوسٹر ہوم کی ٹیم نے خاتون کے لواحقین اور شوہر کو تلاش کر کے میاں بیوی کے مابین م ئوثر کونسلنگ کا اہتمام کیا۔ ڈائریکٹر تحفظ منزل مائدہ رضا کی ذاتی کاوشوں سے فیملیز کے درمیان پائی جانے والی ناچاقی کا خاتمہ ممکن ہوا جس کے بعد خواتین اور بچوں کو بحفاظت ان کے گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کا فلیگ شپ پراجیکٹ تحفظ منزل فوسٹر ہوم گھر سے بھاگی ہوئی خواتین، گمشدہ بچوں اور متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحفظ منزل فوسٹر ہوم نہ صرف خواتین اور بچوں کی دیکھ بھال بلکہ تعلیم و تربیت کے ذریعے انہیں مفید شہری بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔