مقابلہ ،شہری کو لوٹ کر فرار ہونیوالے 5 ڈاکو ہلاک

 کار سوار ڈاکو ئوں نے ہاشم اور بھائی کو لوٹا، پولیس نے تعاقب کیا تو شاہ گڑھ میں اہلکاروں پر فائرنگ کردی 
جوابی کارروائی میں کرولا گینگ کے آصف، عاشق حسین‘ ساجد حسین‘ مقبول احمد اورنعیم عباس مارے گئے 
 لاہور (کرائم رپورٹر)شہری کو لوٹ کر فرار ہونے والے کار سوار ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ، کرولا گینگ سے تعلق رکھنے والے5ڈاکو مارے گئے، دو موٹرسائیکل سوار ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ،تفصیل کے مطابق گزشتہ شب کار سوار ڈاکو بستی سیالاں کے رہائشی ہاشم اور اس کے بھائی سے اسلحہ کی نوک پر 8 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری نے کار سوار ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا۔ شاہ گڑھ کے علاقے میں کار سوار ڈاکوؤں اور ان کے موٹرسائیکل سوار ساتھیوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران کرولا گینگ سے تعلق رکھنے والے پانچ ڈاکو مارے گئے جن میں احمدپور شرقیہ کا رہائشی آصف جبکہ مظفرگڑھ کے رہائشی عاشق حسین، ساجد حسین، مقبول احمد اور نعیم عباس شامل ہیں۔مسلح ڈاکو کرولا کار پر کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے اور کرولا گینگ کے نام سے مشہور تھے، جبکہ موٹرسائیکل سوار ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے مارے جانے والے ڈاکوؤں کی نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے شیخ زاید ہسپتال منتقل کر دیں اور ڈاکوؤں کے خلاف قتل، اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔