عبدالحق اورالطاف مختلف مقامات پر گاڑیوں کی ٹکر سے زندگی ہار گئے
قصور،کھڈیاں خاص ،مصطفی آباد ،تلونڈی(خصوصی رپورٹ )ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق،5زخمی ہوگئے۔ نقیب آباد کے قریب قصور سے لاہور سبزی لے کرجانے والا اوورسپیڈ مزدا ڈالہ بے قابو ہوکر اْلٹ گیا ،جس سے منڈی عثمان والی کا رہائشی ڈرائیور عبدالحق موقع پر دم توڑگیا، ساتھ بیٹھاامتیاز منہاس شدید زخمی ہوگیاجسے بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کردیا گیا۔ چونیاں کھڈیاں بائی پاس پر کوٹ پروبیرا کے مقام پر گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار43سالہ الطاف موقع پر ہی چل بسا۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثاکے حوالے کر دیا۔ پتوکی کے نواح میں جمبر کینال پر کنٹینر، کوسٹرز اور بس کی ٹکر سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ دھند کے دوران بریک لگانے سے بس سے پیچھے آتی دو کوسٹرز اورایک کنٹینر ٹکراگیا جس سے 14سالہ عبدالرحمن ، 13سالہ رحمت ، 13سالہ کنور آصف اور 14سالہ فہد معمولی زخمی ہوگئے جن کو ریسکیو عملہ نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی۔