وائلڈ لائف کی بڑی کارروائی ،تیتر کے شکار پر پانچ ملزمان کو پونے چار لاکھ جرمانہ،7 گرفتار،مقدمات درج ،ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایت پر چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی زیرِ قیادت جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار و کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران وائلڈ لائف رینجرز نے لاہور شہر کے ایک نجی ڈائننگ ہال سے جنگلی پرندوں کے گوشت کی کثیر مقدار اور درجنوں حنوط شدہ جنگلی جانور و پرندے برآمد کر لیے۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن عدنان علی ورک کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور وسیم حیدر نے عدالتی سرچ وارنٹ کے بعد نجی ڈائننگ ہال پر چھاپہ مارا، جہاں سے غیر قانونی سامان برآمد ہونے پر دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ادھر ایک الگ کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع اٹک شاہزیب خورشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تیتر کے غیر قانونی شکار میں ملوث پانچ شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 13 ذبح شدہ تیتر اور تین بندوقیں برآمد ہوئیں، جنہیں پونے چار لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا گیا۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کے تحفظ کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔