دھند کا راج، موٹر ویز بند ،18دسمبر تک بارش

ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 3 فیض پور سے درخانہ ،ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند رہی
لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند رہی،دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دی جائے :موٹر وے پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند رکھا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 3 فیض پور سے درخانہ ، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند رکھی گئی۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں، سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ترجمان موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ رہنمائی یا مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 18 دسمبر تک کیلئے بارش اور برف باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔بالائی خیبرپختونخواہ ، کوہستان، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری متوقع ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 15 دسمبر تک مغربی ہوائوں کا سلسلہ شمالی و مغربی علاقوں میں اثر انداز ہوگا، موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش، پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، کوہستان، بالائی خیبر پختونخوا ہ کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری ہو سکتی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے، پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔کوئٹہ، زیارت، شمال مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش، پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔