لاہور(کرائم رپورٹر)ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند چھائی رہی حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند رکھی گئی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔موٹروے ایم3 لاہور سے رجانہ ، ایم 4پر شور کوٹ سے ملتان ، موٹروے ایم 5پر بھی ملتان سے روہڑی تک بند رکھی گئی شدید دھند کی وجہ سے دیگر شاہراہوں پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت بھی برقرار رہے، اسلام آباد، مری، گلیات اور بالائی علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان پیدا ہوگیا، بلوچستان کے شمال مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ، بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ،استور،گوپس، سکردو میں پارہ منفی 10 تک گر گیا، بگروٹ، کالام اور گلگت میں منفی 6 رہا۔