دھند سے موٹر ویز بند

مری، کشمیر میں بارش و برفباری ،گلیات 4تا 5انچ، مری ڈھائی انچ برف، وادی لیپہ نے بھی سفید چادر اوڑھ لی 
 لاہور ،مری، اسلام آباد ( کرائم رپورٹر ) ملکہ کوہسار نے برف کی چادر اوڑھ لی، مری اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش و برفباری ہوئی، لاہور سمیت میدانی علاقوں میں دھند نے پھر ڈیرے ڈال لیے، موٹروے بعض مقامات پر بند کر دی گئی، فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا۔ مری، گلیات اور وادی لیپہ میں برفباری سے سردی میں اضافہ ہو گیا، گلیات میں 4سے 5انچ، مری میں ڈھائی انچ برف پڑی، مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر نکل آئی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مری میں مزید بارش و برفباری کے امکانات ہیں۔ آزاد کشمیر میں آٹھ مقام، سدھنوتی، تراڑکھل اور پلندری میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی، وادی لیپہ کے بلند مقامات بتھواڑ گلی روڈ، شیر گلی روڈ، پنجال گلی دا کھن، ریشیاں شمس پری، شیشہ مالی برف سے ڈھک گئے، ایک فٹ سے زیادہ برف پڑی، سلسلہ مزید 12گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے، دارالحکومت سے زمینی رابطہ کٹ گیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حد نگار کم ہونے پر موٹروے ایم 3فیض پور سے ننکانہ صاحب تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11اور موٹروے ایم 2لاہور سے ہرن مینار تک بند کی گئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کراچی سے آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 402اور دبئی سے نجی ایئر لائن کی پرواز 724تاخیر کا شکار ہوئی، لاہور سے کراچی کی نجی ایئرلائن کی پرواز 523طیارے کی عدم دستیابی کے باعث نہ جا سکی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے، بالائی خیبر پختو نخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر میں تیز ہوا ئوں کے ساتھ ہلکی بارش، پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے، شمال مشرقی پنجاب میں صبح کے وقت دھند متوقع ہے۔