پنجاب کے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی میں شدت ، دھند کا راج، موٹر ویز بند

 آئندہ 24گھنٹوں میں جی بی ،بالائی کے پی اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی
اسلام آباد(آئی این پی )پنجاب کے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی میں شدت آگئی ۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق بہاولپور میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 687، فیصل آباد میں 488، پشاور میں 450، گوجرانوالہ میں 293 اور لاہور میں 191ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند کر دی گئی، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں، سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ترجمان موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ رہنمائی یا مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24گھنٹوں میں گلگت بلتستان ،بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔