نمائش میں 200 سے زائد اقسام کے پھول اور گملے آویزاں کیے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے زیرِ اہتمام سالانہ گلِ دائودی نمائش 2025 جیلانی پارک میں اپنی تمام تر رعنائیوں اور دلکشیوں کے ساتھ جاری ہے، جہاں رنگ برنگے پھولوں کی خوشبو اور حسن نے شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کر رکھا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کے روز ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ جیلانی پارک کا رخ کیا اور اس دلکش نمائش سے بھرپور لطف اٹھایا۔شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش کے شاندار انتظامات، تخلیقی اندازِ آرائش اور جدید خوبصورتی پر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی کاوشوں کو سراہا۔ نمائش میں 200 سے زائد اقسام کے پھول اور ہزاروں خوبصورت گملے آویزاں کیے گئے ہیں، جنہوں نے پورے پارک کو رنگوں اور خوشبوئوں کا حسین گلدستہ بنا دیا ہے۔ جیلانی پارک بچوں، بڑوں، مرد و خواتین کے لیے ایک پْرسکون، خوشگوار اور دیدہ زیب تفریحی مقام کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور راجہ منصور احمد کے مطابق گلِ دائودی نمائش 15 دسمبر تک جیلانی پارک میں جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وڑن کے مطابق شہریوں کو صحت مند، صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اور سالانہ گلِ دائودی نمائش اسی سلسلے کی ایک خوبصورت کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائش کے گیارہ روز کے دوران اب تک پونے ڈیڑھ ملین سے زائد شہری جیلانی پارک کا رخ کر چکے ہیں، جو اس عوامی دلچسپی اور کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔راجہ منصور احمد نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور مستقبل میں بھی شہر کو خوبصورت، سرسبز اور پھولوں کا شہر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے معیاری سیر و تفریح کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔