جعلسازی سے بیرون ملک جانے کی کوشش ،3 مسافر آف لوڈ

 لاہور میں منزہ شہزادی اور حسنین خالد جعلی ویزے پر پرتگال جانا چاہتے تھے 
 ایف آئی اے نے کراچی میں انسانی سمگلنگ گینگ کا اہم رکن زین اللہ گرفتار کیا
لاہور(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے کی لاہور اور کراچی ائیر پورٹس پر کارروائیاں ،جعل سازی سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنیوالے3 مسافر آف لوڈ کر دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور ائیرپورٹ پر جعل سازی سے پرتگال جانے والے 2 مسافروں منزہ شہزادی اور حسنین خالد کوفلائٹ سے آف لوڈ کر دیا ، دونوں مسافروں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے اور انہوں نے جعلی سٹڈی ویزے اقبال نامی ایجنٹ سے حاصل کئے تھے۔ دونوں کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا۔ادھر ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران کمبوڈیا میں انسانی سمگلنگ کے منظم گینگ کے اہم رکن زین اللہ کو گرفتار کر لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ایک منظم فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ اسے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیاہے۔