ملزم رشتہ دار یا دوست بن کر ایمرجنسی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے
بہاولپورکے ملزم لوٹی گئی رقم نکلوانے آئے تو اسلام آباد میں پکڑے گئے
اسلام آباد(بیورو رپورٹ )نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے)نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھنہ پل اسلام آباد میں مالی فراڈ میں ملوث 8 رکنی گروہ گرفتار کرلیا ،ملزم بیرون ملک(برطانیہ)میں مقیم رشتہ دار یا دوست بن کر میڈیکل ایمرجنسی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے ،ملزموں نے جعلی شناخت کے ذریعے شہری سے 15 لاکھ روپے ہتھیائے اور رقم مرکزی ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی ۔ گرفتار ملزموں میں سلمان، محسن جمیل، نزاکت علی، مہتاب علی، شاہ نواز، ناصر علی، عابد حسین اور فہد جبار شامل ہیں، مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزموں نے سادہ لوح لوگوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوا رکھے تھے اوربہاولپورکے علاقہ یزمان کے رہائشی تھے۔ نوسرباز لوٹی گئی رقم نکلوانے اسلام آباد آتے تھے، اسی طرح جب وہ بہاولپور سے رقم نکلوانے اسلام آباد آئے تو پکڑے گئے۔