پنجاب میں شدید دھند، متعدد موٹرویز بند

پنجاب میں شدید دھند، متعدد موٹرویز بند

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہو گئی، جس کے پیشِ نظر متعدد موٹرویز بند کر کے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-3 فیض پور سے جڑانوالہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم جبکہ ایم-5 ملتان سے ظاہر پیر اور ملتان سے سکھر تک دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔اسی طرح موٹروے ایم-5 ملتان سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی تک حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث بند کی گئی ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

روڈ یوزرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو نسبتاً محفوظ قرار دیا گیا ہے۔موٹروے پولیس نے مزید ہدایت کی ہے کہ ڈرائیور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری نہ کریں، آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔