آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈائی بیچ پر ہونے والے ہلاکت خیز فائرنگ کے واقعے پر پاکستان، عرب ممالک، ترکی، ایران اور افریقی یونین سمیت عالمی برادری نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت اور آسٹریلیا سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے بری طرح متاثر رہا ہے، اس لیے ایسے المناک واقعات سے معاشروں کو پہنچنے والے درد اور صدمے کو بخوبی سمجھتا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں سڈنی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ قطر تشدد، دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں کو ان کے محرکات یا وجوہات سے قطع نظر مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے بھی سڈنی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت ہر طرح کے تشدد، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یو اے ای ایسے تمام مجرمانہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے جو امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں، اور ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
اردن کی وزارتِ خارجہ نے بھی واقعے کی مذمت کی۔ وزارت کے ترجمان سفیر فواد المجالی نے دوست ملک آسٹریلیا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام دہشت گردانہ اقدامات ناقابلِ قبول ہیں جو سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالیں۔
آسٹریلوی حکام کے مطابق بونڈائی بیچ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 16 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے، جن میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے۔ آسٹریلوی پولیس اور حکام نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ وزیراعظم انتھونی البانیزی کے مطابق یہودی آسٹریلوی شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔
ادھر افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین محمود علی یوسف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گردی کا عمل انسانیت، امن، رواداری اور بقائے باہمی کی مشترکہ اقدار پر حملہ ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت، متاثرہ کمیونٹی سے یکجہتی اور نفرت، تشدد اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
افریقی یونین نے واضح کیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور کوئی بھی مقصد شہریوں کو نشانہ بنانے کا جواز نہیں بن سکتا۔
ترکیہ نے بھی اتوار کے روز سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ حملہ 14 دسمبر کو حنوکا کی تقریبات کے دوران کیا گیا۔ بیان میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کے عزم کو دہرایا گیا۔
ایران کی وزارتِ خارجہ نے بھی سڈنی میں یہودی تقریب کو نشانہ بنانے والے پرتشدد حملے کی مذمت کی۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ انسانوں کے قتل اور دہشت گردی کی ہر شکل، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو، ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔