اوٹاوا (آئی این پی )کینیڈا نے صحت کے شعبے میں پاکستانی ڈاکٹروں سمیت غیر ملکی ڈاکٹروں کیلئے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔اس اقدام کے تحت اہل ڈاکٹرز کو صرف14 دن کے اندر ورک پرمٹ جاری کیا جا سکے گا۔اس پروگرام کا اعلان کینیڈا کی وزیرِ امیگریشن لینا میٹلیج دیاب نے وزیرِ صحت کی پارلیمانی سیکرٹری میگی چی کے ہمراہ کیا۔ حکام کے مطابق یہ پالیسی کینیڈا کے دبائو کا شکار ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے اور اس کا مقصد مختلف صوبوں اور علاقوں کے اسپتالوں اور کلینکس میں فوری عملے کی کمی کو پورا کرنا ہے۔نئے فریم ورک کے تحت وہ غیر ملکی تربیت یافتہ ڈاکٹرز جو درست ملازمت کی پیشکش حاصل کریں اور کسی صوبے یا علاقے کی نامزدگی حاصل کر لیں، فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ کے اہل ہوں گے۔ یہ پرمٹس ڈاکٹروں کو اس دوران کینیڈا میں کام شروع کرنے یا جاری رکھنے کی اجازت دیں گے جب ان کی مستقل رہائش کی درخواست زیرِ غور ہو گی