ایلون مسک کے عورت سے متعلق بیان پر تنازعہ، شدید تنقید کا سامنا

واشنگٹن (آئی این پی )ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کو عورت سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑ گیا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامناہے ۔ٹیسلا سربراہ ایلون مسک نے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ عورت ہونے کی تعریف خالصتا حیاتیاتی بنیاد پر ہونی چاہیے، اور اس کا تعین رحم کی موجودگی سے ہوتا ہے۔ایلون مسک نے لکھا کہ اگر آپ کے پاس رحم ہے تو آپ عورت ہیں، بصورت دیگر آپ عورت نہیں ہیں۔یہ پوسٹ چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہو گئی اور صارفین کے درمیان شدید بحث کا باعث بن گئی۔ مسک کے حامیوں نے ان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صنفی شناخت سے متعلق گفتگو میں حیاتیاتی تعریفوں کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔ایکس پر ایک صارف نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر یقین نہیں کر سکتا کہ ہم ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں ایسی باتوں کو بھی واضح کرنا پڑ رہا ہے، جس پر ایلون مسک نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، واقعی!۔ایک اور صارف نے مسک کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے اسے حیاتیاتی طور پر غلط قرار دیا اور ایم آر کے ایچ سنڈروم (میئر-روکیتانسکی-کوسٹر-ہازر سنڈروم )کا حوالہ دیا۔ یہ ایک نایاب طبی کیفیت ہے جس میں بعض خواتین پیدائشی طور پر رحم کے بغیر یا نامکمل رحم کے ساتھ پیدا ہوتی ہیں۔دوسری جانب، ایک تیسرے تبصرہ نگار نے ایلون مسک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے امیر ترین شخص کا بنیادی حیاتیات کی وضاحت کرنا، اور پھر اس وضاحت کا تعلیم یافتہ سمجھے جانے والے افراد میں بھی متنازع بن جانا، عجیب لمحے کی عکاسی کرتا ہے۔