ویپس عام سگریٹس سے بھی زیادہ نقصان دہ ، نہ سگریٹ, نہ ہی ویپس استعمال کرنے چاہئیں
یہ تاثر درست نہیں کہ سگریٹ نوشی چھوڑنے کیلئے ویپ محفوظ متبادل,سخت قانونی اصلاحات منظور
میکسیکوسٹی (آئی این پی )میکسیکو کی سینیٹ نے ویپس اور الیکٹرانک سگریٹس کی تیاری اور فروخت کے خلاف سخت قانونی اصلاحات منظور کرلیں، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کو آٹھ سال تک قید اور 2 لاکھ 26 ہزار پیسوز (تقریبا 12 ہزار 500 ڈالر) تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔جنرل ہیلتھ قانون میں یہ ترامیم حکمران جماعت کے سینیٹرز نے منظور کیں، اس سے قبل ایوانِ زیریں بھی ان کی منظوری دے چکا تھا، اب یہ قانون حتمی نفاذ کیلئے صدر کلاڈیا شینبام کو بھیجا جائے گا، جو اس قانون سازی کی حمایت کر رہی ہیں۔صدر کلاڈیا شینبام کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سگریٹ نوشی چھوڑنے کیلئے ویپ ایک محفوظ متبادل ہے، لیکن بعض صورتوں میں ویپس عام سگریٹس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہو سکتا ہے، نہ سگریٹ پینی چاہیے اور نہ ہی ویپس استعمال کرنے چاہئیں۔دنیا بھر میں انسدادِ تمباکو اقدامات کے بعد میکسیکو نے تقریبا دو دہائیاں قبل زیادہ تر عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی تھی، حالیہ برسوں میں حکومت نے ویپس اور الیکٹرانک سگریٹس کی فروخت محدود کرنے پر توجہ دی ہے، صحت کے خدشات کے باعث ارجنٹینا اور برازیل میں بھی ان مصنوعات پر پابندی عائد ہے۔