کسی اہلکار کی غفلت یا زیادتی ثابت ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی
لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے میانوالی میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوجوان سنگر رحمان علی پر تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو دیکھی ہے جس میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک نوجوان فنکار پر تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور اگر کسی اہلکار کی غفلت یا زیادتی ثابت ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ فنکار معاشرے کا حساس اور باوقار طبقہ ہوتے ہیں، ان پر اس قسم کا تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پنجاب حکومت فن اور فنکاروں کے احترام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔