ہم جیسے فنکاروں نے ٹیلی وژن انڈسٹری کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا:سینئر اداکار
لاہور (شوبز ڈیسک)سینئر اداکار راشد محمود نے پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمی بخاری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی شوبز انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران راشد محمود نے اپنے موجودہ حالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیلی وژن کے لیے کئی دہائیوں تک خدمات انجام دینے کے باوجود سینئر اداکاروں کے لیے کام کے مواقع محدود ہو گئے ہیں۔اداکار نے اس سے قبل ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ میں کئی ماہ سے بے روزگار ہوں اور روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا میرے لیے مشکل ہوتا جارہا ہے۔سینئر اداکار نے ایندھن، اشیائے خور و نوش اور دیگر ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں کا بھی ذکر کیا تھا۔انہوں نے بتایا تھا کہ میں گزشتہ 5 ماہ سے جوڑوں کے درد میں مبتلا ہوں جبکہ پہلے سے دل کا مریض بھی ہوں۔اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے راشد محمود نے کہا تھا کہ ہم جیسے فنکاروں نے پاکستان کی ٹیلی وژن انڈسٹری کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔