ڈی آئی جی عمران شاہد نے پرچم لہرایا، فلیگ مارچ اور روڈ سیفٹی آگاہی مہم
لاہور(کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس سنٹرل ریجن لاہور میں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ بابو صابو ریجنل آفس میں منعقدہ تقریب میں ڈی آئی جی عمران شاہد، سیکٹر کمانڈر عاطف شہزاد، ڈی ایس پی منصور جاوید اور موٹروے پولیس افسران نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی عمران شاہد نے قومی پرچم لہرایا اور کیک کاٹ کر تقریبات کا آغاز کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جبکہ ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ یومِ آزادی کے موقع پر سنٹرل ریجن کے مختلف سیکٹرز میں فلیگ مارچ، روڈ سیفٹی واکس اور خصوصی آگاہی مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ موٹروے پولیس کی پٹرولنگ گاڑیوں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا، جبکہ قومی شاہرات پر آگاہی کیمپس کے ذریعے شہریوں کو محفوظ سفر اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر شجرکاری مہم بھی جاری رکھی گئی۔ موٹروے پولیس افسران نے قومی خدمت، عوام کی حفاظت اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔