لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1449 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 808 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 884 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کے مطابق حادثات میں 932 ڈرائیور، 62 کم عمر ڈرائیور، 604 مسافر اور 166 پیدل افراد متاثر ہوئے۔ لاہور میں 165 حادثات میں 203 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 93 حادثات اور 99 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ ملتان 90 حادثات اور 98 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی 1702 متاثرین میں 1370 مرد اور 332 خواتین شامل ہیں۔ حادثات میں 1607 موٹر سائیکلیں، 84 آٹو رکشے، 140 کاریں، 22 وین، 12 مسافر بسیں، 21 ٹرک اور 51 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔ ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل اور لائن و لین ڈسپلن کی پابندی کرکے حادثات کی شرح کم کی جائے۔