ڈالہ ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث حادثے کا شکار ہوا،عمر، عمران دم توڑ گئے،درجنوں مرغیاں بھی ہلاک
اوکاڑہ ، دیپالپور(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ میں مرغیاں سپلائی کرنے والا تیزرفتار ڈالہ الٹ گیا، حادثے میں ڈالے میں سوار 2 افراد جاں بحق ، 2 شدید زخمی ہوگئے، درجنوں مرغیاں بھی ہلاک ہوگئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق پاکپتن روڈ نزد اسد آپور کے قریب مرغیوں کی سپلائی کرنے والا تیز رفتار ڈالہ الٹنے سے اس میں سوار 2 افراد 19 سالہ محمد عمر اور 45 سالہ عمران موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دو افراد 38سالہ صفدر اور کاشف شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کے مطابق ڈرائیور کو اونگھ آنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا،اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ضروری کارروائی کرنے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور منتقل کر دیا گیا۔