مسافر ڈالہ کھائی میں جا گرا، 2 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ڈیرہ غازی خان (خصوصی رپورٹ)کوہ سلیمان کے علاقے تمن قیصرانی میں رند چاڑی روڈ پر مسافر ڈالہ گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ گاڑی کا گیئر فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق مسافر ڈالہ پہاڑی راستے پر جا رہا تھا کہ اچانک گیئر فیل ہونے سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثے میں حاجی دوست محمد اور حاجی امام بخش قیصرانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور بارڈر ملٹری پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ امدادی اہلکاروں نے کھائی میں گرنے والی گاڑی سے زخمیوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا اور انہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے انتظامات کیے۔دشوار گزار پہاڑی راستے اور گہری کھائی کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی۔