لاہور(کرائم رپورٹر) جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور کی اہم شاہراہوں اور مقامات پر منعقدہ تقریبات مجموعی طور پر پْرامن اور محفوظ رہیں۔ شہریوں نے مختلف تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے قومی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق جشنِ آزادی کے دوران شہر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے جبکہ رش والے مقامات پر مؤثر کراؤڈ کنٹرول کے اقدامات بھی کیے گئے۔ شہریوں، بالخصوص خواتین کے تحفظ کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی۔ اہم شاہراہوں پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی پکٹس اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری رہا۔ ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران 8 افراد کو گرفتار کرکے 7 مقدمات درج کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے باعث حادثات بھی نہ ہونے کے برابر رہے۔ مؤثر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے باعث لاہور میں جشنِ آزادی پْرامن اور محفوظ ماحول میں منایا گیا۔