جاپان کے صوبہ چیبا میں شدید بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور تقریباً ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، چیبا میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 360 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جو علاقے کی ماہانہ اوسط بارش سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔شدید بارش کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں اور ریلوے ٹریکس پر پانی جمع ہونے سے ٹرین سروس معطل ہوگئی اور 25 ہزار گھروں کا بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ٹوکیو کے ایئرپورٹ پر بھی بارش کے باعث تقریباً 7 ہزار مسافر پھنس گئے اور درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔جاپانی موسمیاتی ایجنسی نے ریکارڈ بارش کے بعد چیبا میں پہلی بار پانچویں درجے کی ہنگامی وارننگ جاری کی ہے۔ امدادی کارروائیوں کے لیے فوجی اہلکار بھی متاثرہ علاقوں میں تعینات کیے گئے ہیں۔