امریکہ اور ایران کی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارکباد

پاکستان اور امریکہ  کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط  بنایا جائیگا:امریکی وزیرخارجہ
ا مید ہے دونوں عظیم قوموں کے درمیان دیرپا دوستی روز بروز مزید مضبوط ہوگی:ایرانی سفیر
واشنگٹن‘اسلام آباد(آئی این پی )امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اپنے تہینیتی بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان علاقائی ثالثی، معدنیات، توانائی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون جاری ہے‘پاکستان میں متعین  ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی استواری اور ہمہ جہت تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ایرانی سفیر نے  یومِ آزادی کی مناسبت سے جاری   خصوصی پیغام میں کہا کہ وہ اپنی، ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے دوست، ہمسائے اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور غیور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں عظیم قوموں کے درمیان دیرپا دوستی روز بروز مزید مضبوط ہوگی، انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے  اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔