ایران پر اگلے ہفتے نئی پابندیاں‘ معاشی تنہا کر دینگے:امریکہ پاکستان کیساتھ تعلقات مزید مضبوط کرینگے:ایرانی صدر

ایران کو ایسی معاشی تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی دنیا نے اس سے پہلے مثال نہیں دیکھی:امریکی وزیرخزانہ‘امریکہ کا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن مشرق وسطی روانہ، ابراہم لنکن کی جگہ لے گا
 ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے:صدر مسعود پزشکیان‘ایران میں آبنائے ہرمز سے متعلق اہم منصوبے کی منظوری، امریکہ اور اسرائیل کے جہازوں پر پابندی کی تیاری
واشنگٹن‘تہران (آئی این پی )امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کو سخت معاشی دبائو اور عالمی سطح پر غیر معمولی اقتصادی تنہائی کا سامنا کرنے کی دھمکی دیدی  ،ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف نئی پابندیوں اور دیگر معاشی اقدامات کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔امریکی وزیر خزانہ نے قدامت پسند ٹیلی ویژن نیٹ ورک نیوز میکس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا  ایران کو ایسی معاشی تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی دنیا نے اس سے پہلے مثال نہیں دیکھی۔اسکاٹ بیسنٹ  نے کہا کہ امریکا کی نئی حکمت عملی میں ایران کو عالمی معیشت سے مزید الگ کرنے کیلئے  مختلف معاشی اقدامات شامل ہوں گے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ واشنگٹن ایران پر دبائو  بڑھانے کے لئے  آئندہ ہفتے مزید اقدامات کا اعلان کرسکتا ہے۔امریکی وزیر خزانہ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کا بھی حوالہ دیا۔ ان  کا کہناتھاکہ   آبنائے ہرمز کی مسلسل ناکہ بندی کے باعث ایران کی بندرگاہوں سے سامان کی آمدورفت متاثر ہوگی اور کچھ بھی اندر یا باہر جانے کے قابل نہیں رہے گا۔دریں اثناء امریکی بحریہ نے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن کو مشرق وسطی بھیجنے کی تیاری شروع کردی ۔یہ جہاز خطے میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کی جگہ لے گا، جو ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے خطے میں تعینات ہے۔  ایران کے صدر مسعود پزشکیان  نے کہا ہے  ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ا پنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ جڑی ہیں، پاکستان کی عظیم قوم کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یوم آزادی ایک قیمتی موقع ہے۔ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یوم آزادی ایران پاکستان دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کا نیا موڑ ہے، ایران پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ایران کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام اور سکیورٹی سے متعلق ایک اہم تزویراتی منصوبے کے عمومی خدوخال کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے میں امریکا، اسرائیل اور بعض دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں اور آلات کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کی تجویز بھی شامل ہے