قوم متحد‘یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا واہگہ بارڈر پر شاندار تقریب‘نعرے لہو کو گرماتے رہے

دن کے آغازپر ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئیںہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا
نوجوان جھنڈے اٹھا کرسڑکوں پرنکل آئے،  ریلیاں‘ تقریبات ‘لاہور میں مزار اقبال‘کراچی میں مزار قائد پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب
لاہور،کراچی (سپیشل رپورٹر‘آئی این پی )ملک بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،دن کا آغاز  نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئوں کے ساتھ   ہوا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ،  فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی،ملک کا ہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔ سرکاری، نیم سرکاری، نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ یوم آزادی منانے شہری سڑکوں پرنکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی گئیں۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرگارڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالئے۔ لاہور میں بھی علامہ اقبال کے مزار پر گارڈ تبدیلی کی تقریب ہوئی‘واہگہ بارڈر پر بھی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا‘رینجرز اہلکاروں اور پاکستانیوں کے نعرے لہو کو گرماتے رہے‘قصور کے علاقے گنڈا پور بارڈر پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا‘