تاریخی چنار باغ میںگورنر سید مہدی شاہ، وزیرِ اعلیٰ حاجی گلبر خان، میجر جنرل سید امتیاز نے پرچم کشائی کی
شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،گورنر
گلگت(آئی این پی )گلگت بلتستان کا 77واں جشن آزادی یکم نومبر کو قومی جوش و جذبے سے منایا گیا ، یوم آزادی کے موقع پر گلگت بلتستان میں عام تعطیل رہی ۔جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، مرکزی تقریب یادگار شہدائے چنارباغ میں منعقد ہوئی جس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ بلتستان حاجی گلبر خان اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام اور عمائدین نے بھی شرکت کی، اس موقع پر یادگارِ شہداء پر پھول رکھے گئے، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے عظیم قربانیاں دے کر اس خطے کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا تھا، شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ملک کی حفاظت کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس کے علاوہ آرمی ہیلی پیڈ میں بھی جشن آزادی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلی سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔