امریکی میڈیا کے مطابق 44 سالہ ایشلی بائیڈن، جو سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی بیٹی ہیں، نے اپنے شوہر ڈاکٹر ہوورڈ کرین سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس کے لیے فلاڈیلفیا کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
عدالتی درخواست میں شادی کی ناکامی کو طلاق کی وجہ بتایا گیا ہے۔ یہ شادی 2012 میں ہوئی تھی اور 13 سال بعد اپنے اختتام کو پہنچی۔ ڈاکٹر ہوورڈ کرین پیشے کے اعتبار سے پلاسٹک سرجن ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشلی بائیڈن نے طلاق کی درخواست دائر کرنے سے کچھ دیر پہلے سوشل میڈیا پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں ایک مرد اور خاتون ہاتھ پکڑے نظر آ رہے تھے، اور اشارہ دیا گیا تھا کہ یہ تصویر ان کے شوہر اور ان کی گرل فرینڈ کی ہے۔ بعد ازاں یہ پوسٹ ہٹا دی گئی۔ڈاکٹر ہوورڈ کرین سے اس معاملے پر مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔