مقبوضہ کشمیر: چشوتی میں بادل پھٹنے کے حادثے میں 45 افراد ہلاک، 38 کی حالت تشویشناک

مقبوضہ کشمیر: چشوتی میں بادل پھٹنے کے حادثے میں 45 افراد ہلاک، 38 کی حالت تشویشناک

ویب ڈیسک: مقبوضہ کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے دور افتادہ پہاڑی گاؤں چشوتی میں جمعرات کو بادل پھٹنے کے واقعے میں کم از کم 45 افراد ہلاک اور 38 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جبکہ متعدد افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، مقامی حکام نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے غروب آفتاب تک ملبے سے 167 افراد کو نکال لیا۔ ان میں سے 38 افراد کی حالت نازک ہے، اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ دوپہر 12 بجے سے 1 بجے کے درمیان مچیل ماتا مندر کے راستے چشوتی گاؤں میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت مچیل ماتا یاترا کے لیے بڑی تعداد میں عقیدت مند جمع تھے۔چشوتی گاؤں ساڑھے نو ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور مچیل ماتا مندر تک پہنچنے کے لیے عقیدت مند گاڑی کے ذریعے گاؤں تک آ سکتے ہیں، جس کے بعد انہیں تقریباً 8.5 کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ بادل پھٹنے سے اچانک سیلاب آگیا، جس نے کئی عمارتیں، دکانیں اور ایک سیکورٹی چوکی بہا کر لے گئی۔

ایمرجنسی اور امدادی کارروائیاں:
مقامی حکام اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ مزید پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔ حکام نے علاقے میں مزید بارش کے خدشات کے پیش نظر خطرے کی گھنٹی جاری کر دی ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔