خانپور میں تھانہ پکالاڑاں کی حدود رشید آباد کے قریب اسلام آباد سے صادق آباد جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 6 سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی جبکہ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی دو ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ معمولی زخمی ہونے والے مسافروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو خانپور کی ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خانپور منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت 32 سالہ جہانزیب اور 40 سالہ حذیفہ کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور کو دورانِ سفر نیند آگئی، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور مسافر کوچ سڑک پر الٹ گئی۔واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔