ملک 78 سال بعد بھی قیام کے مقاصد حاصل نہ کر سکا‘ جے یو آئی

   آزادی آتش بازی کا نام نہیں، یہ نظامِ مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کا دن ہے: اسلم غوری
اسلام آباد (آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ ملک 78 سال بعد بھی اپنے قیام کے مقاصد حاصل نہ کر سکا۔ پوری قوم کو یوم آزادی مبارک ہوتاہم آزادی صرف جھنڈے لہرانے یا آتش بازی کا نام نہیں، یہ نظامِ مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کا دن ہے۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ریاست پر مغربی ایجنڈے کے تسلط نے نظریہ پاکستان کو مسخ کر دیا ہے۔ حکمران طبقہ قومی نظریے سے بغاوت کر کے قوم کو اپنے مقاصد سے دور کررہا ہے‘ یوم آزادی کے نام پر فحاشی و عریانی کا فروغ قوم کے شہداء کے خون سے مذاق ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا، مگر آج تعلیمی نصاب، میڈیا اور پالیسیوں میں لادینیت جھلک رہی ہے۔ حکمران نظریہ پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں، صرف جشن کے نعروں سے آزادی محفوظ نہیں ہو سکتی۔ نوجوان نسل کو شعوری گمراہی میں دھکیلنے والے قوم کے مجرم ہیں۔ اسلم غوری نے کہا کہ  قوم کو لبرل ازم، سیکولر ازم اور مادر پدر آزادی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ جے یو آئی نظریاتی سرحدوں کی
 محافظ ہے، اور ہر اس قوت کا راستہ روکے گی جو اسلامی تشخص کو مٹانے پر تُلی ہو۔