رات 12 بجتے ہی پولیس کی سخت وارننگ کے باوجود فائرنگ، 7 ملزمان گرفتار
کراچی (آئی این پی )پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 3 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جانب سے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔کراچی میں رات 12 بجتے ہی پولیس کی سخت وارننگ کے باوجود شہرمیں ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی، گولیاں لگنے سے 2 افرادجاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق عزیز آباد بلاک8 میں ہوائی فائرنگ سے 8 سال کی بچی جبکہ کورنگی ساڑھے 3 میں ہوائی فائرنگ سے اسٹیفن نامی شخص ہلاک ہوا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ سے زخمی افراد کو سول،جناح،عباسی شہید اور جوہر میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے الزام میں 20 سے زائد ملزمان گرفتار کئے گئے جن سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔