اسلام آباد میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی گئی، جبکہ عدالت نے انہیں گرفتاری سے بھی روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کا چالان جمع کرا دیا۔ایف آئی اے کے مطابق اس کیس میں حمزہ علی عباسی اور ڈاکٹر فضیلہ عباسی کا مشترکہ بینک اکاؤنٹ منجمد کیا جا چکا ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ اسی اکاؤنٹ سے متعلق مالی لین دین کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے عدالت میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ مشترکہ اکاؤنٹ دوبارہ کھولنے کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے تاہم وہ خود عدالت میں موجود نہیں تھیں، جس پر ملزمہ نے وضاحت دی کہ وہ متعدد بار عدالت میں پیش ہو چکی ہیں۔
اس موقع پر ان کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ کو ضمانت کے غلط استعمال کے الزام پر اعتراض ہے اور اس بنیاد پر درخواست مسترد کی گئی تھی، تاہم ہائیکورٹ نے اس حوالے سے کوئی منفی رائے نہیں دی۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق ملزمہ کو شاملِ تفتیش ہونا ضروری ہے، جبکہ عبوری ضمانت گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے، اس لیے کیس کو آگے بڑھایا جائے۔بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے انہیں اسی دوران شاملِ تفتیش ہونے کی ہدایت دی اور آئندہ سماعت تک گرفتاری سے روک دیا۔