چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے ایک نئے قانون پر دستخط کر دیے ہیں جو ملک کی خود مختاری، قومی سلامتی اور معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ قانون 20 شقوں پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد بیرونی دباؤ اور اقدامات کے خلاف مؤثر ردعمل دینا ہے۔ قانون کے تحت اگر کوئی ملک چین کے معاشی مفادات، شہریوں یا اداروں کے خلاف کارروائی کرتا ہے تو چین کو جوابی اقدامات کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔حکام کے مطابق ایسے غیر ملکی افراد، کمپنیوں اور اداروں کی ایک فہرست بھی تیار کی جائے گی جو چین کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہوں گے، اور ان پر مختلف پابندیاں عائد کی جا سکیں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تجارتی اور سفارتی کشیدگی کے تناظر میں چین کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کے عالمی معیشت اور بین الاقوامی تعلقات پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔