سی ٹی ڈی کے 113 آپریشن، 16 دہشتگرد گرفتار

گرفتار دہشتگرد پولیس چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے:ترجمان،دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹ بر آمد
لاہور (اے پی پی)سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مکمل کر لیے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 16 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ایک خودکش جیکٹ، 14 ڈیٹونیٹرز، 25 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی بر آمد ہوئی۔گرفتار دہشتگردوں میں غازی مرجان، معین خان، اصیل دین، ناصر شاہ، نصیب خان، ابرار، یوسف، مالے خان اور اسام شامل ہیں۔ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں کی گئیں۔جھنگ سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان گرفتار کیا گیا ، سرگودھا سے حساس اداروں پر حملوں میں ملوث خطرناک دہشت گرد مالے خان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے نقصان کو ٹال دیا گیا۔ رواں ہفتے کے دوران 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 190 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 95 ہزار 755 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔