وزیراعلیٰ پنجاب نے مثالی گاؤں پروگرام فیز ٹو کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب نے مثالی گاؤں پروگرام فیز ٹو کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں دیہاتی ترقی کے بڑے منصوبے “مثالی گاؤں پروگرام” کے دوسرے مرحلے کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت مزید 7500 دیہات کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

خصوصی اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 485 دیہات پر کام جاری ہے، جس پر 59 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں صاف پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کر کے معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ہر گاؤں میں واٹر سپلائی سسٹم، سولر ٹیوب ویلز اور سیپٹک ٹینکس کی تعمیر یقینی بنائی جائے، جبکہ آلودہ تالابوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر کیا جائے۔

اجلاس میں 30 جون تک تالابوں کی صفائی اور 31 اگست تک سیپٹک ٹینکس کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا، جبکہ خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے لیے ہیلپ لائن 1336 بھی قائم کر دی گئی ہے۔مزید برآں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے تحت ہر گاؤں کی ترقی کا ریکارڈ ویڈیوز کی صورت میں رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور دیہات کو مثالی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔