سعودی وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر حج کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
اس اعلان کے مطابق، جو غیر قانونی طور پر حج کے دوران مکہ مکرمہ میں داخل ہوں یا قیام کریں گے یا حج کے ایام میں پکڑے جائیں گے، ان کے خلاف 20 ہزار سے 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ان غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جائے گا اور ان پر سعودی عرب میں داخلے پر 10 سال کی پابندی لگائی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقامہ ہولڈرز، جنہوں نے بغیر اجازت مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا قیام کرنے کی کوشش کی، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں آئے گی۔
مزید برآں، سعودی شہریوں کو بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی سہولت کاری سے باز رہیں، ورنہ ان کے خلاف بھی جرمانے اور قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ سعودی وزارت داخلہ کا مقصد حج کے دوران حجاج کرام کی سیکیورٹی اور امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے، اس لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔