کار، کمرشل گاڑیاں چرانے والے گروہ متحرک

 تین ماہ کے دوران 63 کاریں، 254 کمرشل گاڑیاں چوری 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں کار اور کمرشل گاڑیاں چرانے والے گروہ بھی متحرک ہوگئے، رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران 63 کاریں، 254 کمرشل گاڑیاں چور لے اڑے۔ ذرائع پولیس ریکارڈ کے مطابق کار چوری کی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤنڈویژن 24 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، صدرڈویژن میں 14، کینٹڈویژن میں 9، سول لائنزڈویژن میں کار چوری کے 6 مقدمات درج ہوئے۔ اس کے علاوہ سٹی اور اقبال ٹاؤنڈویژن سے تین ماہ کے دوران 5، 5 کاریں چوری ہوئیں۔پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ کمرشل گاڑیاں چوری ہونے کی وارداتوں میں سٹیڈویژن 62 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، صدرڈویژن سے 58، ماڈل ٹاؤنڈویژن سے 42 کمرشل گاڑیاں چور لے اڑے، اقبال ٹاؤنڈویژن اور سول لائنزڈویژن میں کمرشل گاڑیاں چوری ہونے کی 32، 32 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ اس کے علاوہ کینٹڈویژن میں تین ماہ کے دوران کمرشل گاڑیاں چوری ہونے کے 28 مقدمات کا اندراج ہوا۔