ویب ڈیسک: آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے مارچ کے مہینے کے لیے پلیئرز آف دی منتھ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں بھارت کے شریاس ایئر کو شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آئی سی سی مین پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ شریاس ایئر کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
مارچ میں شریاس ایئر نے اپنی بیٹنگ سے ٹیم انڈیا کو کئی اہم فتوحات دلوانے میں مرکزی کردار ادا کیا، جس کی بدولت وہ دیگر امیدواروں پر سبقت لے گئے۔ ان کے ساتھ اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی اور راچن رویندرا بھی نامزد تھے، تاہم حتمی انتخاب شریاس ایئر کے حق میں کیا گیا۔
دوسری جانب خواتین کے زمرے میں آسٹریلیا کی جورجیا وول کو مارچ کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی نے نہ صرف ان کی ٹیم کو فائدہ پہنچایا بلکہ انہیں یہ اعزاز بھی دلایا۔ اس کیٹیگری میں آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ اور امریکا کی چیتنا پرساد بھی نامزد تھیں۔
آئی سی سی کی جانب سے یہ ایوارڈز ہر ماہ عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو دیے جاتے ہیں تاکہ ان کی محنت اور کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا سکے۔