شادی کے نام پر دھوکہ، 13 نوجوانوں کو لوٹنے والی دلہنیں پکڑی گئیں

شادی کے نام پر دھوکہ، 13 نوجوانوں کو لوٹنے والی دلہنیں پکڑی گئیں

اترپردیش: شاطر دلہن گینگ بے نقاب، 13 سے زائد نوجوانوں کو شادی کے بہانے لوٹ لیا
ویب ڈیسک: بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک حیران کن اور انوکھا فراڈ سامنے آیا ہے جس نے پولیس سمیت سب کو چونکا دیا۔ 3 خواتین پر مشتمل ایک شاطر گینگ نے فرضی شادیوں کے ذریعے نوجوان مردوں کو پہلے اپنے جال میں پھنسایا، پھر ان سے نقد رقم اور زیورات ہتھیانے کے بعد فرار ہو گئیں۔

نیرج گپتا کی کہانی: ایک فرضی دلہن، ایک جھوٹا دادا
واقعہ کا انکشاف اس وقت ہوا جب نیرج گپتا نامی شخص نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ ایک شخص پرمود نے اسے اپنی پوتی پوجا سے شادی کروانے کی بات کی اور دونوں کو رجسٹرار آفس ہردوئی لے گیا، جہاں باقاعدہ قانونی کارروائی کے تحت شادی کر دی گئی۔شادی کے بعد نیرج نے اپنی نئی نویلی دلہن پوجا کو نقد رقم اور زیورات سپرد کیے۔ لیکن اگلی ہی صبح پوجا اور پرمود دونوں غائب تھے۔

دلہن بنی چور، دادا نکلا فراڈی
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پوجا عرف سونم، آشا عرف گڈی اور سنیتا کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ یہ تینوں خواتین ایک مکمل منظم گروہ کا حصہ ہیں جو پورے اترپردیش میں غیر شادی شدہ مردوں کو نشانہ بناتی تھیں۔

تحقیقات میں بڑے انکشافات
پولیس کے مطابق یہ گروہ:

اب تک 13 سے زائد نوجوانوں کو اپنا شکار بنا چکا ہے۔
ہر واردات میں نئی شناخت اور نیا رشتہ دار بنا کر نوجوانوں کو شادی کے لیے آمادہ کیا جاتا تھا۔
شادی کے فوری بعد دلہنیں رقم، زیورات، قیمتی سامان لے کر غائب ہو جاتی تھیں۔
گرفتار خواتین کے قبضے سے قیمتی زیورات، نقد رقم اور جعلی دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کی جانب سے انتباہ
ہردوئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دوسروں کے لیے سبق ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شادی جیسے حساس فیصلے میں مکمل تحقیق اور تصدیق کے بعد ہی قدم اٹھائیں۔