حنا جاوید قتل کیس: ملزم ذیشان ارشد کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے منظور

حنا جاوید قتل کیس: ملزم ذیشان ارشد کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے منظور

راولپنڈی میں ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید قتل کیس میں گرفتار ملزم ذیشان ارشد کی درخواست ضمانت عدالت نے سماعت کیلئے منظور کرلی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصیر احمد نے درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے مقتولہ کے اہلخانہ اور ایس ایچ او کو نوٹس جاری کردیے، جبکہ کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔سماعت سے قبل ملزم کی جانب سے دو مختلف وکلا کی طرف سے الگ الگ درخواست ضمانت دائر کیے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اڈیالہ جیل سے ایک ہی ملزم کے دو الگ الگ وکالت نامے بائیومیٹرک کیسے ہوگئے اور ملزم نے جیل سے دو وکلا کو درخواستیں دائر کرنے کی اجازت کیسے دی۔

عدالت نے معاملے پر اڈیالہ جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران ملزم کے نامزد دونوں وکلا حمزہ عباسی اور جنید حسن بھی عدالت میں موجود تھے، جن کے پاس جیل کی بائیومیٹرک تصدیق اور ملزم کے دستخط شدہ وکالت نامے موجود تھے۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر رپورٹ بھی طلب کرلی۔