وائیڈ گیند باؤنڈری پار، کینیڈا سپر 60 میں انوکھا واقعہ

وائیڈ گیند باؤنڈری پار، کینیڈا سپر 60 میں انوکھا واقعہ

کینیڈا سپر 60 کے دوسرے سیمی فائنل میں کرکٹ کا ایک غیر معمولی واقعہ دیکھنے میں آیا، جہاں گیند بلے باز کو چھوئے بغیر ہی وکٹ کیپر کے اوپر سے گزرتی ہوئی براہِ راست باؤنڈری کے پار پہنچ گئی۔

وینکوور کے بی سی پلیس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں مسی ساگا ماسٹرز کے فاسٹ بولر علی خان نے ٹورنٹو سکسز کے بیٹر کیرون پولارڈ کو شارٹ پچ گیند کرائی۔گیند نے غیر معمولی انداز میں باؤنس لیا اور کیرون پولارڈ سمیت وکٹوں کے پیچھے موجود وکٹ کیپر کے اوپر سے گزرتی ہوئی بغیر زمین پر ٹپہ کھائے باؤنڈری پار چلی گئی۔اس دلچسپ واقعے پر کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے اسے ’’چھ وائیڈ‘‘ قرار دیے جانے کی بحث چھیڑ دی، تاہم امپائر نے پانچ وائیڈ رنز کا اشارہ دیا۔کرکٹ قوانین کے مطابق اگر وائیڈ گیند باؤنڈری تک پہنچ جائے تو عام طور پر مجموعی طور پر پانچ رنز دیے جاتے ہیں، جن میں ایک وائیڈ کا اضافی رن اور باؤنڈری کے چار رنز شامل ہوتے ہیں۔ اس لیے ایسی گیند کو چھکا قرار نہیں دیا جا سکتا۔

البتہ قوانین کے تحت کسی وائیڈ گیند پر چھ رنز کا مجموعہ ممکن ہے۔ اگر وائیڈ قرار دی گئی گیند پر بلے باز پانچ رنز دوڑ کر مکمل کرلیں تو ایک وائیڈ اور پانچ دوڑے گئے رنز ملا کر مجموعی طور پر چھ رنز بن سکتے ہیں۔یوں کینیڈا سپر 60 کے سیمی فائنل میں پیش آنے والے اس غیر معمولی واقعے نے نہ صرف شائقین کو حیران کیا بلکہ وائیڈ گیند سے متعلق کرکٹ قوانین پر بھی دلچسپ بحث چھیڑ دی۔