سیول: جنوبی کوریا نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں حوثیوں کی جانب سے شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول یا قابل جواز نہیں ہوسکتا۔ وزارت نے ایسے اقدامات کو بھی ناقابل قبول قرار دیا جو بحری جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت کو خطرے میں ڈالیں۔جنوبی کوریا نے حملے کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے پر سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں شہریوں کے تحفظ اور محفوظ بحری نقل و حمل کی اہمیت پر زور دیا۔جنوبی کوریا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ بحیرہ احمر، خلیج عدن اور آبنائے ہرمز سمیت خطے کے اہم بحری راستوں کی سکیورٹی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔