جرمنی کے ٹاپ سیڈ الیگزینڈر زیوریو نے امریکی کھلاڑی بین شیلٹن کو شکست دے کر یو ایس اوپن 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
زیوریو نے سخت مقابلے کے بعد شیلٹن کو شکست دے کر چھ سال قبل ضائع ہونے والے سنہری موقع کا ازالہ کیا۔ 2020 کے یو ایس اوپن فائنل میں جرمن کھلاڑی آسٹریا کے ڈومینک تھیم کے خلاف دو سیٹس کی برتری حاصل کرنے کے باوجود ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہے تھے، تاہم اس بار وہ مضبوط ذہنی تیاری کے ساتھ میدان میں اترے۔رواں سال جون میں فرنچ اوپن جیت کر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کرنے والے زیوریو نے فائنل میں شیلٹن کے خلاف فیصلہ کن کھیل پیش کیا۔ امریکی شائقین کو امید تھی کہ آٹھویں سیڈ بین شیلٹن 23 سال بعد کسی امریکی مرد کھلاڑی کو گرینڈ سلیم ٹائٹل دلائیں گے، تاہم وہ توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔میچ کا دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب زیوریو کو کامیابی کا فوری طور پر احساس نہ ہوا اور امپائر کے اعلان کے بعد بھی وہ بیس لائن کی جانب سروس کرنے کے لیے بڑھ گئے۔ تماشائیوں کی جانب سے کھڑے ہو کر داد دینے پر انہیں اپنی فتح کا ادراک ہوا۔
ٹائٹل جیتنے پر زیوریو کو ریکارڈ 55 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی ملی۔میچ کے بعد اپنی زندگی کے ایک اہم پہلو کا ذکر کرتے ہوئے زیوریو نے بتایا کہ جب وہ 4 سال کے تھے تو ان میں ذیابیطس کی تشخیص ہوئی تھی۔ ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں، تاہم ان کی والدہ نے حوصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیماری ان کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرے گی۔زیوریو نے کہا کہ انہوں نے اپنی والدہ سے زیادہ مضبوط انسان کبھی نہیں دیکھا۔