بچوں کی آڑ میں جیب تراشی کرنیوالا گینگ پکڑلیا

ملزم لڑائی جھگڑے کے بہانے شہریوں کی جیبیں صاف کرتے تھے
 لاہور (کرائم رپورٹر) اکبری گیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی آڑ میں لڑائی جھگڑے کے بہانے شہریوں کی جیبیں صاف کرنے والے دو رکنی متحرک گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً اندرون شہر اور لاری اڈہ کے گردونواح میں چوری، نوسربازی اور جیب تراشی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی اور ٹریسنگ کی گئی، جس کے بعد اکبری گیٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان عرف کالو اور آصف کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل اور غیر قانونی اسلحہ بھی بر آمد کر لیا جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے متحرک گینگ کی گرفتاری پر ایس ایچ او اکبری گیٹ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کریمنلز کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔