لاہور(کرائم رپورٹر) حافظ آباد کے قریب موٹروے ایم ٹو پر مسافر وین ٹائر پھٹنے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ٹائر پھٹنے کے بعد وین حفاظتی رکاوٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ موٹروے پولیس کے افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی۔ شدید زخمی ڈرائیور کو موٹروے پولیس کی مدد سے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم نے موقع کا دورہ کرکے گاڑی اور حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا، جبکہ موٹروے پولیس نے ٹریفک کو منظم رکھتے ہوئے آمدورفت بحال رکھی۔