ویمن پولیس:پتنگیں فروخت کرنے والے4ملزم گرفتار

 600 پتنگیں اور 40 ڈور کی چرخیاں برآمد، ملزمان کے خلاف مقدمات درج
لاہور (کرائم رپورٹر) ویمن ریس کورس پولیس نے پتنگیں تیار کرکے فروخت کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی حنیف گارڈن کے علاقے میں کی گئی، جہاں ملزمان پابندی کے باوجود پتنگ فروشی کا دھندا کر رہے تھے۔ ملزمان پتنگوں کی ترسیل کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ میں گتے کے ڈبوں اور توڑوں کا استعمال کرتے تھے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان طلحہ، علیب، فہد اور آریج کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 600 تیار پتنگیں اور 40 ڈور کی چرخیاں برآمد کر لیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ انسداد پتنگ بازی و فروشی کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔