کوٹ لکھپت پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے شہریار پکڑا، دوسرے ملزم کی تلاش جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ٹک ٹاک پر دوستی کے بعد خاتون کو مبینہ زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعہ میں کوٹ لکھپت پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم شہریار کی ردا نامی خاتون سے ٹک ٹاک پر دوستی ہوئی تھی، جس نے خاتون کو رات گئے ملتان چونگی سے مدینہ ٹائون میں واقع اپنے گھر بلایا۔ پولیس کے مطابق شہریار کسی بہانے سے گھر سے باہر چلا گیا، جہاں موجود دوسرے ملزم سہیل نے خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور تشدد بھی کیا، بعدازاں موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم شہریار کو گرفتار کرکے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا جبکہ دوسرے ملزم سہیل کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔